پاک فوج اور ملک کی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ کو پاکستان کی عوام مسترد کر چکی ہے، حافظ طاہرمحمود اشرفی

لاہور:نظریہ پاکستان کا تحفظ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے ، نظریہ پاکستان ہمیں پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کا حکم دیتا ہے، پاک فوج اور ملک کی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ کو پاکستان کی عوام مسترد کر چکی ہے۔ متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ویزوں کا معاملہ جلد ہو جائے گا۔ کشمیر اور فلسطین امت مسلمہ کے مسائل ہیں۔ کشمیر اور فلسطین سے غداری نہیں کی جا سکتی ، بعض قوتیں مسلم ممالک کی عوام اور حکومتوں کے درمیان تصادم کیلئے افواہ کر رہی ہیں۔ اسرائیل کے معاملہ پر وزیراعظم کے واضح اعلان کے بعد حزب اختلاف کے بعض رہنما افراتفری پھیلانے کیلئے بیان بازی کر رہے ہیں جس میں ان کو ناکامی ہو گی۔ پاکستان میں رہنے والے غیر مسلم ہمیں بہت عزیز ہیں ، پاکستان کے آئین نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقوق کا تعین کر رکھا ہے۔یورپی ممالک ، امریکہ اور برطانیہ اسلامک فوبیا اور توہین رسالت جیسے معاملات کو ختم کروانے کی کوشش کریں، پاکستان اپنے مسائل خود حل کرے گا۔ ہندوستان ، اسلامی ، یورپی ممالک ، امریکہ اور برطانیہ میں دہشت گردی کرنے والے گروہوں اور جماعتوں کا سرپرست بن چکا ہے۔ عالمی اور اسلامی دنیا کو ہندوستان کے عالمی دہشت گرد تنظیموں سے تعلقات پر ایکشن لینا چاہیے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست اسی وقت بنا سکتے ہیں جب قوم بھی اسی راستہ پر چلے۔ ستر سال کے مسائل کو حل کرنے میں وقت لگے گا۔ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے پاکستان کے عرب اسلامی ممالک سے تعلقات کی خرابی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں رہنے والے پاکستانیوں سے گذارش ہے کہ وہ میزبان ممالک کے قوانین کا احترام کریں۔ متحدہ عرب امارات ہمارا برادر اسلامی ملک ہے ، ویزوں کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ افغانستان کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کے کہنے پر سینکڑوں پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے جس پر ہم ان کی شکرگذار ہیں۔ اسی طرح معمولی جرائم میں قید پاکستانی جلد سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک سے بھی رہا ہو جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جبری شادیاں اور غیر مسلموں کے قتل کے معاملات کو وزیر اعظم کے حکم کے مطابق کیس ٹو کیس دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کوآئین اور قانون کے مطابق مکمل حقوق حاصل ہیں۔ پاکستان کے خلاف اقلیتوں کے معاملہ پر بےبنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ ان شاءاللہ تین ماہ میں جبری شادیوں اور دیگر امور کو واضح طور پر قوم کے سامنے لے آئیں گےاور ان مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ، سلامتی کے اداروں اور قوم نے مل کر دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ پاکستان کو شام ، عراق ، لیبیا بنانے کا خواب دیکھے والے جان لیں کہ پاکستانی قوم اور فوج اپنے وطن کی سلامتی کیلئے متحد ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مدارس اور سکولز کے طلباءسب ہمارے ہیں ، مدارس کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور مدارس مساجد میں احتیاطی تدابیر پر باقی تمام جگہوں سے زیادہ عمل ہو رہا ہے۔